Monday, 25 November 2024
  1. Home/
  2. Amjad Islam Amjad/
  3. Aik Kabhi Na Bhulne Wala Din

Aik Kabhi Na Bhulne Wala Din

چوہتر سال پہلے ایک دن ایسا بھی آیا تھا

جب اک سُورج نکلنے پر

چمکتی دُھوپ پھیلی تھی تو منظر جگمگایا تھا

اگرچہ میں نے وہ منظر بچشمِ خود نہیں دیکھا

مگر جب یاد کرتا ہوں تو سانسیں گنگناتی ہیں

کئی صدیوں سے صحرا میں بکھرتی ریت کی صورت

کروڑوں لوگ تھے جن کا

نہ کوئی نام لیتا تھا نہ کچھ پہچان باقی تھی

ہر اک رستے میں وحشت تھی

سبھی آنکھوں میں حسرت تھی

نہ آبا کی ہُنر مندی نہ اگلی شان باقی تھی

کھلا سر پر جو اُس اعلان کا خوشبو بھرا سایا

ہلالی سبز پرچم کا وہ ٹھنڈا دلربا سایا

تواُن کی جاں میں جاں آئی

رگوں میں روشنی دوڑی دہن میں پھر زبان آئی

چوہتر سال پہلے کا وہ اک احسان مت بُھولو

خدا کی خاص رحمت ہے یہ پاکستان مت بھولو

آج صبح فیس بک پر برادرِ عزیز میاں عبدالشکور کے فرزند اورمیرے عزیز بھتیجے ابوزر کی آواز اور ویڈیو گرافی میں اپنی یہ نظم سُنی تو جہاں رُوح سرشارہوئی وہاں یہ سوچ کر اس کا لطف مزید بڑھ گیا کہ اگرچہ یہ نظم چند برس قبل لکھی گئی تھی مگر یہ ہماری اُردو گنتی کا کمال ہے کہ اس کے کئی ہندسے ہم وزن بھی ہیں اور ہم آواز بھی یعنی آپ آسانی سے چھیاسٹھ کی جگہ چوہتر رکھ سکتے ہیں۔ دوسری خوبی جسکی وجہ سے میں نے اس نظم کو یومِ آزادی کے خصوصی کالم کا حصہ بنایا ہے اس کا آخری شعر ہے

چوہتر سال پہلے کا یہ اک احسان مت بُھولو

خدا کی خاص رحمت ہے یہ پاکستان مت بُھولو

خود تنقیدی اور خود احتسابی بلاشبہ افراد اور اقوام دونوں کے لیے یکساں طور پر لازمی اور ضروری ہیں کہ اس کی مددسے خامیوں کو دُور اور خوبیوں کو اُجاگر کیا جاسکتا ہے اسی طرح زندگی میں سنگ میل بن جانے والے دن بھی ایک پُل کی طرح ہوتے ہیں کہ جس پر کھڑے ہوکر آپ آگے اور پیچھے دونوں طرف دیکھ سکتے ہیں لیکن ہر عمل کی طرح اس کا بھی ایک پروٹوکول ہوتا ہے کسی ملک کے قیام یا اُس کی آزادی کا دن بھی ایک مخصوص پروٹوکول کا متقاضی ہوتا ہے کہ جس طرح شادی کے موقع پر دلہن کی عیب جوئی خلافِ آداب سمجھی جاتی ہے اسی طرح آزادی کی خوشی کو بھی روٹین کی بے جا تنقیس آمیز تنقید کا ہدف بنانا کوئی مستحسن فعل نہیں کہ یہ کام بعض احباب ایک مشن کے طور پر کرتے ہیں اور تصویر کا صرف تاریک رُخ ہی دیکھنا اور دکھانا اُن کی عادت بن جاتی ہے میں نے پہلے بھی کئی بار لکھا ہے کہ بے شک ہم وطنِ عزیز کو بوجوہ ٹھیک طرح سے چلا نہیں پائے لیکن اس کا ہرگز یہ مطلب نہیں کہ ہم نے یہ بنایا ٹھیک نہیں تھا۔

گزشتہ کچھ برسوں سے ہر یومِ آزادی پر کچھ مہربان مولانا عبدالکلام آزاد کی پاکستان کے مستقبل کے بارے میں کچھ پیش گوئیوں کے حوالے دیتے ہیں جن کی صحت اور نوعیت سے قطع نظر دیکھنے اور پوچھنے والی بات یہ بھی ہے کہ مولانا مرحوم نے ہندوستانی مسلمانوں کے ایک علیحدہ وطن کے حوالے سے اپنے اختلاف رائے کا جو اظہار کیا تھا وہ اپنی جگہ مگر اس کے مقابلے میں جو حل انھوں نے پیش کیا تھا اس کا حساب کون دے گا۔ کیا بھارت میں رہ جانے والے مسلمانوں کی زندگی کسی بھی اعتبار سے پاکستانیوں سے بہتر ہے؟

کیا اُن کی معیشت، معاشرت، مذہب، تہذیب یہاں تک کہ عمومی سطح پر پوری زندگی ایک جہنم کا منظر پیش نہیں کررہی؟ مقصد کسی مناظرے یا بحث میں پڑنا نہیں صرف یہ احساس دلانا ہے کہ ہمارا دشمن تقسیمِ ہند کا فارمولا نہیں وہ جہالت، پسماندگی، غربت، استحصال اور بے انصافی ہے جس نے تیسری دنیا کے بیشتر ملکوں کی طرح ہمیں بیک فُٹ پر رکھا ہوا ہے۔

پاکستانی معاشرے کو درپیش چیلنجز اور مسائل کا تعلق ہماری اپنی غلطیوں اور کوتاہیوں کے ساتھ ساتھ ہماری تاریخ اور جغرافیے سے بھی ہے سائنس اور ٹیکنالوجی میں بھی ہماری کم علمی فرقہ پرستی اور آبادی کے بے ہنگم پھیلائو کی وجہ سے ہماری راہ کی دیوار بنے ہوئے ہیں اس پر مستزاد ہماری عدلیہ، انتظامیہ، فوج اور سیاستدانوں کا عمومی کردار ہے کہ ان میں سے کوئی بھی اپنے ادارے کے مفادات اور تحفظات سے باہر نکل کر قوم کی تعمیر میں اپنا بھرپور حصہ نہیں ڈال سکا لیکن یہ تقدیر کا کوئی دائمی فیصلہ نہیں اور یہ صورتِ حال ناقابلِ اصلاح بھی نہیں ہے اقبال نے کہا تھا۔

صورتِ شمشیر ہے دستِ قضا میں وہ قوم

کرتی ہے جو ہر زماں اپنے عمل کا حساب

میں اس بات سے کوئی زیادہ متفق نہیں ہوں کہ ساٹھ ستر سال قوموں کی زندگی میں کوئی اہمیت نہیں رکھتے۔ آج ہم جس دنیا میں رہ رے ہیں وہ صدیوں اور سالوں نہیں بلکہ مہینوں اور دنوں میں بدل رہی ہے سو ہمیں ہر محاذ پر بیدار اور چوکس ہونا پڑے گا اگر میرے اس بیان کو سیاسی رنگ نہ دیا جائے تو میں بہت اعتماد سے یہ کہنا چاہوں گا کہ تمام تر نا مساعد حالات کے باوجود ہم مجموعی طور پر بہتری کی طرف جارہے ہیں۔

ہم دنیا کے دو سو سے زیادہ ممالک میں اپنے حجم، صلاحیت اور کارکردگی کے حوالے سے اب بھی ایک زندہ، متحرک اور بڑی قوم ہیں ضرورت اُسی اتحاد، ایمان اور تنظیم کی ہے جس کا ہم نے 74 برس قبل اپنے آپ سے وعدہ کیا تھا اگر آج سے ہم خود کلامی کی جگہ مکالمے کا استعمال شروع کردیں اور اپنی اپنی سیاسی پارٹیوں سے وفاداری نبھانے کے ساتھ ساتھ مل کر پاکستان کو حقیقی معنوں میں مادرِ وطن کا رتبہ اورمقام دینا شروع کردیں تو اب بھی کچھ نہیں بگڑا ہم وہ سب کچھ کرکے دکھا سکتے ہیں جس کا خواب ہمارے بزرگوں نے دیکھا تھا۔

سو آخر میں میں ایک بار پھر اُس شعر کی طرف دیکھتا اور اُس میں موجود جذبے کو سلام پیش کرتا ہوں کہ ربِ کریم شکر کرنے والوں کے لیے ہمیشہ آسانیاں پیدا کرتاہے اور اُن کے ارادوں میں برکت ڈالتا ہے۔

خدا کی خاص رحمت ہے یہ پاکستان مت بھولو

Check Also

Pakistan Par Mumkina Dehshat Gardi Ke Saye

By Qasim Imran