جناب مہنگائی بہت بڑھ گئی ہے۔ کیا آپ کو خبر ہے؟ کہاں ہے مہنگائی، آپ کو معلوم ہے پاکستان آج بھی سستے ترین ممالک میں سے ایک ہے۔ ملک میں مہنگائی نام کی کوئی چیز نہیں ہے۔ ہاں البتہ ہم مہنگائی ختم کرنے کی پوری کوششیں کر رہے ہیں۔ ایک تو آپ اردو میڈیم صحافیوں کو تحقیق کی عادت نہیں ورنہ آپ کو معلوم ہوتا ہر ہفتے ہم مہنگائی پر قابو پانے کے لیے اجلاس بلاتے ہیں۔ لیکن جناب آپ کے ہر اجلاس کے بعد مہنگائی مزیدبڑھ کیوں جا تی ہے؟ دیکھیں ایک تو میں آپ کو بتا دوں کہ خزانہ خالی ہے۔ دوسرا یہ سارے چور ہیں۔ لیکن جناب آپ نے ملازمتیں دینا تھیں۔ وہ کہاں ہیں؟ دیکھیں ایک تو خزانہ خالی ہے اور میں آپ کو یہ بھی بتا دوں کہ چھوڑنا ہم نے کسی کو نہیں۔ جناب آپ تو کہتے تھے پٹرول مہنگا ہو جائے تو سمجھ لو وزیر اعظم چور ہے؟ تو کیا میں غلط کہتا تھا۔
جناب آپ نے تو کہا تھا پولیس میں اصلاحات لائیں گے۔ کیا آپ بتانا پسند کریں گے یہ کام ابھی تک کیوں نہیں سکا؟ دیکھو میں آپ کو ابھی بتا رہا ہوں کہ خزانہ خالی ہے اور یہ سب چور ہیں۔ میں نے چھوڑنا کسی کو نہیں۔ لیکن جناب انتظامی اصلاحات کا خزانے سے کیا تعلق؟ آپ کا تو یہ حال ہے کہ ہر برسات میں نیا وزیر خزانہ لے آتے ہیں۔ کیا اس طرح ملک چل سکتے ہیں۔ کبھی آپ وزیر خزانہ بدل دیتے ہیں کبھی آئی جی، بچوں کا کھیل بنا دیا ہے آپ نے۔ معاشی حالات خراب ہیں تو کم از کم وزیر خزانہ تو مستقل بنیادوں پر رکھ لیں تا کہ وہ کوئی پالیسی بنا سکے۔ پرانے پاکستان میں بچے ہر عید پر نیا کھلونے لیتے تھے، نئے پاکستان میں آپ ہر سال نیا وزیر خزانہ لے آتے ہیں۔
دیکھیں ایک تو آپ نے گھبرانا نہیں۔ بس چند مہینے اور مشکل ہیں اس کے بعد حالات بہتر ہو جائیں گے۔ دوسرا یہ سب چور ہیں اور میں نے چھوڑنا کسی کو نہیں۔ سر یہ تو آپ دو برس سے کہہ رہے ہیں کہ بس دو مہینے مشکل ہیں پھر سب کچھ بہتر ہو جائے گا۔ دیکھو اسی کو تو مستقل مزاجی کہتے ہیں۔ جو موقف دو سال پہلے تھا آپ بھی اسی پر" ڈٹ "کر کھڑا ہوں۔ سال کے بارہ کے بارہ موسم گواہی دیں گے کہ تم کھڑے تھے۔ آئی مین، میں کھڑا تھا۔ سر آپ واقعی ڈھٹ کر کھڑے ہیں لیکن اگر آپ رعایا کو بھی بتا دیں کہ آپ کا وہ کون سا معاشی منصوبہ ہے جس کی بدولت دو ماہ کے بعد ملک کے معاشی حالات بہتر ہو جائیں گے؟ دیکھو!بہت جلد کنووں سے گیس اور سمندروں سے تیل نکل آئے گا۔ مرغیاں انڈے اور کٹوں کے گھر والیاں کیا کہتے انہیں، کٹیاں، ہاں کٹیاں وہ دودھ دینا شروع ہو جائیں گی، بلین سونامی ٹری کے شاخوں میں شہد کی مکھیاں چھتے بنا کر شہد تیار کریں گی۔ یوں ملک میں دولت کی ریل پیل ہو جائے گی اور اچھے دن آ ئیں گے۔
سر آپ قومی اسمبلی کے اجلاس میں کیوں نہیں آتے؟ میں آپ کو پہلے بھی بتا چکا ہوں کہ خزانہ خالی ہے۔ بالکل خالی ہے۔ تم خود جا کر دیکھ لو۔
سر آپ کے دور حکومت میں قانون سازی آرڈی ننسوں کے ذریعے کیوں ہو رہی ہے؟ آپ معاملات کو پارلیمان میں کیوں نہیں لاتے؟ ایک تو آپ کو سمجھ نہیں آتی۔ دیکھو میں تمہیں سمجھاتا ہوں۔ خزانہ جو ہے نا وہ بالکل خالی ہے۔ سر یہ بات تو آپ دو کے پہاڑے کی طرح کب سے بتا رہے ہیں۔ اس کے علاوہ آپ کے پاس کہنے کو کچھ نہیں؟ اس کے علاوہ میرے پاس چار کا پہاڑہ بھی ہے۔ میں آپ کو بتا رہا ہوں میں نے چھوڑنا کسی کو نہیں۔ میں نے سب کو رلانا ہے۔ میں رلائوں گا سب کو۔ جناب آپ کو شاید خبر نہیں کہ لوگ تو پہلے ہی سے پٹرول کی قیمتوں کو دیکھ کر رو رہے ہیں؟ نہیں ابھی یہ رو نہیں رہے۔ ابھی انہوں نے صرف رونی شکلیں بنائی ہیں۔ دو چار ماہ بعد انہیں سمجھ لگے گی رونا کسے کہتے ہیں۔ پھر یہ ڈی جے بٹ کے میوزک لگا کر رویا کریں گے۔ میں انہیں رلائوں گا۔ میں رلائوں گا سب کو۔ چھوڑنا میں نے کسی کو نہیں۔
سر پچھلی حکومتوں میں پٹرول مہنگا ہوتا تھا تو کہا جاتا تھا وزیر اعظم چور ہے۔ اب پٹرول مہنگا ہوتا ہے تو آپ کے سوشل میڈیا کے ڈیجیٹل ڈپلومیٹ دنیا کے ساتھ تقابل کرنے آ جاتے ہیں کہ فلاں ملک میں بھی یہ ریٹ ہے۔ یہ دہرا معیار کیوں؟ یہی تو تبدیلی ہے۔ تم احمق مگر پھر بھی نہیں مانو گے کہ تبدیلی آ نہیں رہی، تبدیلی آ گئی ہے۔ جناب آپ تو شفافیت کے علم بردار تھے لیکن آپ نے بھی غیر ملکی تحائف کو چھپا لیا اور کچھ بتانے کو تیار ہی نہیں؟ دیکھو سنو، بات سنو میری۔ میں تمہیں پہلے بھی بتا چکا ہوں کہ خزانہ خالی ہے اور تم قومی خزانے کو مزید ڈرانے والی بات کرتے ہو۔
الیکشن کمیشن سے آپ کا کیا جھگڑا ہے؟ کیا کروں خزانہ ہی خالی ہے۔ آپ کابینہ میں بار بار تبدیلی کیوں کرتے ہیں؟ دیکھو تم سمجھ نہیں رہے۔ یہ ساری اپوزیشن چور ہے۔ اوپر سے خزانہ خالی ہے۔ لیکن چھوڑنا نہیں کسی کو میں نے۔ سر ٹھیک ہے کہ خزانہ خالی ہے لیکن آپ کی ہر غلطی کا جواز تو یہ نہیں بن سکتا نا کہ خزانہ خالی ہے۔ کیا خالی خزانے نے آپ سے کہا تھا کہ مستقل وزیر خانہ ہی نہ رکھو؟ کیا پولیس اصلاحات سے آپ کو خالی خزانے نے روکا ہوا ہے؟ آپ کے وزراء کارکردگی کی بجائے جگتیں مار کر رستم بنے ہوئے ہیں کیا اس کا ذمہ دار بھی خالی خزانہ ہے؟ کیا سٹریٹ کرائم میں بھی خالی خزانہ ملوث ہے؟ پلیز یہی وضاحت کر دیں کہ آپ کا کون سا خزانہ خالی ہے؟
دیکھو بہت ہو گئے سوالات اور تنقید۔ یاد رکھوتنقید کی اجازت تو اپنا رمیز راجہ بھی نہیں دے رہا کسی کو۔ ہاں کوئی مثبت تجویزہے تو بتائو۔ سر ایک ہی تجویز ہے۔ پٹرول پمپوں پر جوتے مارنے والے تعینات کر دیجیے۔ جو آدمی جتنے لٹر پٹرول لے اسے وہیں لٹاکر اتنے ہی جوتے مارے جائیں۔ اور جس نے آپ کو ووٹ دیا ہو ازرہ کرم اس کے ساتھ اضافی حسن سلوک کا مظاہرہ سر عام ہو۔