Thursday, 21 November 2024
  1. Home/
  2. Hameed Ullah Bhatti/
  3. Khatoon Sadar Ke Imkanat

Khatoon Sadar Ke Imkanat

امریکہ تاریخ کے مشکل دوراہے پر ہے نہ صرف تجارتی، معاشی اور دفاعی چیلنجز درپیش ہیں بلکہ دیوالیہ کا بھی خطرہ ہے۔ امریکی حکومت کے قرضے 350 کھرب ڈالر سے تجاوز کر چکے ہیں جن پر سود کی ادائیگی دفاعی بجٹ سے بڑھ چکی ہے۔ اِس وجہ سے کئی ایک تحقیقاتی منصوبے کھٹائی کے دہانے پر ہیں۔ اِن مسائل کا حل نئی قیادت نے تلاش کرنا ہے۔ دنیا کی نظریں نومبر کے صدارتی انتخابات پر ہیں جن میں دوماہ سے کم عرصہ رہ گیا ہے۔

نئی قیادت کو مسائل کے انبار کا علم ہے یا نہیں وثوق سے کچھ نہیں کہا جاسکتا البتہ خاتون صدر منتخب ہونے کے امکانات روشن ہیں۔ اپنی مخالف امیدوار کو شکست دینے کے لیے ایک طرف ریپبلکن ٹرمپ کے لیے ووٹروں کی اکثریت حاصل کرنے کے ساتھ امریکی اسٹیبلشمنٹ کے خدشات دور کرنا بھی ضروری ہے۔ اگر ایسا نہیں کیا جاتا تو گزشتہ الیکشن کی طرح رواں برس بھی جیت پاس آکر دور ہو سکتی ہے۔ امریکی ووٹرز ملک کو درپیش مسائل کا حل چاہتے ہیں لیکن یہ بھی سچ ہے کہ جذبات سے بھی نہیں نکل پارہے۔

ٹرمپ سابق صدر ہیں اور کملا ہیرس کو نائب صدارت کے منصب پر کام کرنے کا تجربہ ہے اِس بنا پر دونوں میں سے کسی کو اناڑی یا ناتجربہ کار نہیں کہا جاسکتا، لہذا دونوں کو ملکی مسائل کا ادراک ہونا چاہیے۔ مگر دس ستمبرکے نوے منٹ پر محیط پہلے صدارتی مباحثے میں کسی نے اصل مسائل کا زکر اور اُن کا حل نہیں بتایا بلکہ ایک دوسرے پر الزامات کی بوچھاڑ کی معیشت، مہنگائی، تولیدی حقوق، روس اور یوکرین میں جاری جنگ سمیت اسرائیل کی غزہ پر بمباری جیسے موضوعات پر بحث توکی گئی محض زاتی نوعیت کی خامیاں اُجاگر کرنے پر توجہ مرکوز رہی۔ کسی نے ایسا کچھ نہیں کہا جس سے ایسے کسی خیال کو تقویت ملتی ہو کہ دنیا کو پُرامن بنانے کے حوالے سے سنجیدہ ہے۔

الزامات کی بوچھاڑ سے ایسا باور کرایا گیا کہ حریف کی کامیابی سے جمہوریت اور ملک کو لاحق خطرات میں اضافہ ہوگا۔ یہ طرزِ عمل سطحی ہے اور مسائل سے فرار کا آزمودہ طریقہ بھی، دونوں امیدوار ایک دوسرے کو جھوٹا کہتے ہیں ایسا کہنا بھی امریکی سیاست کا جزو لازم بن چکا ہے۔ دنیا کے دیگر ممالک کی طرح امریکی ووٹرز اور سپورٹرز بھی حقائق تک پہنچنے کی بجائے اپنے امیدوار کے حق میں دلائل پیش کرتے ہیں۔

پہلے صدارتی مباحثے کے فوراََ بعد کون کِس حد تک کامیاب رہا حامیوں کے ساتھ ملکی و عالمی میڈیامیں بحث جاری ہے لیکن کملا کی جیت پر اکثریت متفق ہے، جس نے سات ہفتوں کی انتخابی مُہم میں ہی حریف کو کئی محازوں پر پچھاڑ دیا ہے وہ مقبولیت میں ایسی ریاستوں میں بھی آگے ہیں جوٹرمپ کی حمایتی سمجھی جاتی تھیں حالانکہ چودہ جولائی کو ایک انتخابی حملے میں زخمی ہونے پر ٹرمپ کی مقبولیت میں کافی اضافہ ہوگیا تھا جو اب معدوم ہو چکی ہے۔

حالات یہ ہیں کہ گزشتہ ماہ اگست میں کملا ہیرس کو 361 ملین ڈالرکے عطیات ملے جو حریف کو حاصل ہونے والی رقوم سے تین گنا زائد ہے۔ اُن کی نامزدگی سے ڈیموکریٹ صفوں میں یکجہتی کی فضا بنی ہے۔ فلاڈیلفیا میں امریکی نشریاتی اِدارے اے بی سی نیوز نے جب پہلے صدارتی مباحثے کا اہتمام کیا تو عام قیاس یہی تھا کہ ٹرمپ قاتلانہ حملے کو موضوع بحث بنائیں گے لیکن حیران کُن طور پر ٹرمپ نے ایسے کئی پہلو نظر انداز کردیے۔

ابتدائی پندرہ منٹ میں کسی حدتک ٹرمپ کچھ حاوی رہے مگرنائب صدر بننے سے قبل کیلیفورنیا میں پبلک پراسکیوٹر کی حثیت سے حاصل ہونے والا تجربہ کام آیا اور جلد ہی کملا ہیرس نے پُرسکون اور پُراعتماد لب و لہجے میں دلائل سے سوال کرنے شروع کیے تو ٹرمپ سنبھل ہی نہ سکے۔ مبصرین متفق ہیں کہ پہلا صدارتی مباحثہ خاتون امیدوارنے جیت لیا ہے۔ امریکی میڈیا کے پول میں ووٹرز کی رائے کے مطابق ایک ٹاکرے سے ہی کملا کے حق میں 63 جبکہ ٹرمپ کی کارکردگی سراہنے والوں کا تناسب محض 37 فیصد رہ گیاہے۔

امریکی قیادت کبھی انسانی حقوق کی عملبردار خیال کی جاتی تھی لیکن غزہ پر اسرائیلی حملوں سے یہ نقاب بڑی حدتک اُتر چکاہے اور دنیا سمجھ گئی ہے کہ انسانی حقوق کی پاسداری کی باتوں میں کوئی صداقت نہیں بلکہ مفادات کی نگہبانی سے غرض ہے۔ موجودہ دونوں صدارتی امیدوار اسرائیل کے تحفظ پر متفق ہیں۔ پہلے صدارتی مباحثے میں جب میزبان نے دریافت کیا کہ آپ غزہ میں اسرائیل کی جنگ اور مزاکرات کے تعطل کو کیسے ختم کر سکتی ہیں؟ تو جواب میں کملا ہیرس نے اپنے پُرانے بیانات دُہراتے ہوئے کہا کہ اسرائیل کو اپنے دفاع کا حق ہے۔

انھوں نے جنگ بندی کے مطالبے کے ساتھ دو ریاستی حل اور غزہ کی تعمیر نو کی بات کی غزہ پر حملے ختم کرانے اور حماس کے ہاتھوں یرغمال بنائے گئے شہریوں کو واپس کیسے لائیں گے جیسے سوالات کا جواب دیتے ہوئے ٹرمپ کا کہنا تھا کہ وہ صدر ہوتے تو یہ تنازع شروع ہی نہ ہوتا اور اپنی حریف پر الزام عائد کیا کہ وہ اسرائیل سے نفرت کرتی ہیں اِس لیے اُن کے صدر بننے سے اسرائیل کا وجود نہیں رہے گا۔ انھوں نے دوبارہ صدر منتخب ہونے کی صورت میں اسرائیل و غزہ مسلہ سے فوری نمٹنے کے ساتھ روس اور یوکرین جنگ ختم کرانے کا دعویٰ کیا، مگر جب ٹرمپ نے موجودہ صدر پر تنقید کا آغاز کیا تو کملا ہیرس نے کہا کہ آپ کے مدِ مقابل بائیڈن نہیں میں ہوں۔

یہ کافی کرارا جواب تھا جس سے ٹرمپ کنفیوز نظر آئے، سلسلہ کلام جاری رکھتے ہوئے خاتون امیدوار نے گفتگوکے دوران پوٹن کو ڈکٹیٹر کہہ دیا اور کہا کہ وہ آپ کو لنچ پر کھ اجائیں گے ایسے الزامات ٹرمپ کے مخالفین کا وطیرہ ہے اور وہ اِسے ووٹرز کو اپنی طرف مائل کرنے کا کارگر نسخہ تصور کرتے ہیں، کیونکہ روسی قیادت کے بارے میں امریکی رائے دہندگان کی رائے اچھی نہیں جبکہ ٹرمپ کو روس کے بارے میں نرم گوشہ رکھنے والا سمجھا جاتا ہے۔ اسی بنا پر انسانی حقوق اور اسرائیلی مظالم بارے سخت رویہ نہ رکھنے کے باوجود خیال ہے کہ کملا ہیرس کا جیتنا کچھ زیادہ مشکل نہیں رہا جب اسٹیبلشمنٹ کی ہمدردیاں بھی ساتھ ہوں۔

جہاں تک ملکی مسائل کی بات ہے تو اِس حوالے سے بھی دونوں امیدواروں کے خیالات میں زیادہ فرق نہیں۔ کملا ہیرس رہائشی مشکلات دور کرنے اور چھوٹے کاروباروں کو فروغ دینے کی بات کرتیں اور حریف پر صدر بننے کی صورت میں ارب پتی افراد اور کمپنیوں کو صدر منتخب ہو کر ٹیکس میں رعایت دینے کاالزام لگاتی ہیں۔ وہ امریکی خواتین کی ہمدردیاں حاصل کرنے کے لیے اسقاطِ حمل کا حق بحال کرانے کے حوالے سے بھی کافی جذباتی ہیں جبکہ ٹرمپ اب بھی تارکین وطن کو ایک خطرہ اور انھیں شہریوں کے پالتو جانور کھانے میں ملوث قرار دیتے ہیں۔

وہ دوسرے ممالک پر ٹیرف عائد کرنے کا عزم رکھتے ہیں پہلے مباحثے سے کملا ہیرس نے بہت کچھ حاصل کیا ہے وہ ایک طرف خواتین کے حقوق کی علمبردارکے طور پر سامنے آئی ہیں تو دوسری طرف متوسط امریکیوں کے حقوق کی ایسی پاسبان، جسے محفوظ، مستحکم اور خوشحال اسرائیل بھی بہت عزیز ہے۔ یہ وہ عوامل ہیں جن سے کملا ہیرس کی حمایت میں سرعت سے اضافہ ہوا ہے اور اُن کے منتخب ہونے کے آثار وقوی تر ہونے لگے ہیں۔ ٹرمپ اگر ووٹرز کے نبض شناس ہوتے تو اصل مسائل پر بات کرتے غصہ دکھانے اور بے سروپا باتیں کرنے سے مقبولیت میں اضافہ نہیں ہوتا جب اسٹیبلشمنٹ بھی خدشات کی بناپر محتاط ہو تو ٹرمپ کی کامیابی معجزہ ہی ہوگا۔

Check Also

Pakistan Par Mumkina Dehshat Gardi Ke Saye

By Qasim Imran