Friday, 29 November 2024
  1. Home/
  2. Haroon Ur Rasheed/
  3. Kamyab Hain Ahle Nazar

Kamyab Hain Ahle Nazar

اللہ کی آخری کتاب یہ کہتی ہے کہ صائب الرائے لوگ ہی زندگی کے مطالبات کا ادراک کر سکتے ہیں۔ اقبالؔ کا شعر یہ ہے:

اہلِ دانش عام ہیں، کم یاب ہیں اہلِ نظر

کیا تعجب ہے کہ خالی رہ گیا تیرا ایاغ

قدرت کی ایک اور یاد دہانی کہ پاکستانی معاشرے میں برپا مستقل خرابی کا تدارک مشترکہ، مربوط اور منضبط اجتماعی کاوش ہی سے ممکن ہے۔

کرونا کی چوتھی لہر اس شدت کے ساتھ اٹھی ہے کہ حواس گم ہیں۔ وفاق اور سندھ باہم الجھ رہے ہیں۔ وفاقی وزرا ہی نہیں، خود وزیرِ اعظم نے زرداری حکومت کو متنبہ کیا ہے کہ وہ قومی معیشت کی تباہی کے درپے ہیں۔ چین اور یورپی یونین کے بعد امریکہ سے کرونا ویکسین کے تیس لاکھ انجیکشن موصول ہوئے۔ محروم اور پسماندہ ممالک مغرب کے محتاج ہیں۔ صرف حکومتوں کے نہیں، اس کے کاروباری اداروں کے بھی۔ ایک صدی ہوتی ہے، اقبالؔ نے کہا تھا۔

ہوائیں ان کی، فضائیں ان کی، سمندر ان کے، جہاز ان کے

گرہ بھنور کی کھلے تو کیونکر، بھنور ہے تقدیر کا بہانہ

اس سے نصف صدی پہلے، ایک بات اسد اللہ خاں غالبؔ نے سر سیّد احمد خاں کو سمجھائی تھی۔ سیّد صاحب نے "دربارِ اکبری " کا ترجمہ کیا۔ پھر ان سے دیباچے کی فرمائش کی۔ یہ ایک نظم تھی۔ خلاصہ اس کا یہ تھا کہ بجلی سے قمقمے روشن ہیں اور بھاپ سے ریل کا انجن رواں ہوتاہے۔ میرے بھائی، تم کس کام میں پڑے ہو۔ سر سیّد احمد خاں کو اوّل ناگوار ہوا مگر بعد ازاں اس نکتے پر غور کیا تو علیگڑھ کالج کا تصور پھوٹا۔ غالبؔ کے زمانے سے تقریباً ساڑھے سات سو سال قبل امام غزالیؒ نے کہا کہ علم و فنون میں مسلمان روبہ زوال ہیں۔ کوئی معاشرہ ایسی غفلت کا شکار ہوتاہے تو وہ محتاج ہو جائے گا۔ شہرہ آفاق تصنیف "احیاء العلوم" میں امامؒ کا قول درج ہے: اگر کسی شہر میں طب کاپورا نظام غیر مسلموں کے ہاتھ میں چلا جائے تو اس کی نشاۃ ثانیہ شرعی فریضہ ہوگی۔

عوام اور علما ہی نہیں، محمود غزنوی سمیت اس عہد کے حاکم بھی سیدنا علی بن عثمان ہجویریؒکی خدمت میں حاضر ہوا کرتے۔ غریب نواز خواجہ معین الدین چشتیؒ نے ان کی بے نظیر تصنیف کے بارے میں کہا تھا: اگر کسی کو مرشد نصیب نہ ہو تو یہ کتاب رہنمائی کے لیے کفایت کرے گی۔ یہ انہی کا مصرعہ ہے ع

ناقصاں را پیرِ کامل، کاملاں را رہنما

افسانہ نہیں، یہ واقعہ ہے۔ ہمارے عصر کے عارف پروفیسر احمد رفیق اختر اسی کتاب کے اوراق سے ابھرے ہیں۔ شیخِ ہجویرؒ، تاریخ نے جنہیں داتا گنج بخشؒ کے نام سے یادر کھا، حصولِ علم پر بہت زور دیا کرتے۔ فرمایا: تمام علوم سے اتنا ضرورحاصل کرلو کہ خدا کو پہچان سکو۔ ریاضی، طبعیات، الجبرا اور عمرانیات، ہر علم بالآخر آدمی کو عرفانِ الٰہی تک لے جائے گا۔ بابائے اینتھروپالوجی جیمز کا کہنا یہ ہے کہ اوّلین معاشرہ مذہبی تھا۔ یہی ارشاد قرآنِ کریم میں ہے۔ آغازِ حیات میں انسان امّتِ واحد تھے۔ تاریخِ انسانی پر غور و فکر ہی سے اردو زبان کے سب سے بڑے شاعر غالب ؔ نے یہ نکتہ اخذ کیا:

ہم موحد ہیں ہمارا کیش ہے ترکِ رسوم

امّتیں جب مٹ گئیں اجزائے ایماں ہو گئیں

انصاف کی بات یہ ہے کہ کرونا کے خلاف سرکاری مہم ڈھنگ سے چلائی گئی۔ پاکستان ان ملکوں میں شامل ہے، آغا زمیں جہاں سب سے کم نقصان ہوا۔ اقوامِ متحدہ سمیت کئی عالمی اداروں اور اقوام نے اس کا اعتراف کیا ہے۔ بھارت سے دنیا بھر میں پھیلنے والے ڈیلٹا وائرس نے البتہ نئے خطرا ت کو جنم دیا ہے۔ ہوائی اڈوں پر مسافروں کی نگرانی کا اہتمام کیا جاتا تو شاید یہ دن نہ دیکھنا پڑتا۔ ایک صحرا عبور کرنے کے بعد اب ایک نئے صحرا کا سامنا ہے۔ حکومت سے زیادہ عوام ذمہ دار ہیں۔ لا ابالی پن اور لاپرواہی کی انتہا۔ اچھے بھلے پڑ ھے لکھے لوگ ماسک پہننے سے گریز ہی نہیں کرتے، جہالت بھی پھیلاتے ہیں۔ جنگوں اور وباوں میں ظفر مندی کا انحصار حکومت نہیں پوری قوم کی اجتماعی بیداری پر ہوتا ہے۔

اقوام متحدہ میں پاکستان کے سابق مندوب عبداللہ حسین ہارون نے "انکشاف" فرمایاکہ وائرس امریکہ کی ایک لیبارٹری میں تیار ہوا۔ اسرائیل اس کی ویکسین بنائے گا اور یہ کہ ان دونوں نے مل کر دنیا کو تہہ و بالا کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اسلامی نظریاتی کونسل کے سابق سربراہ مولانا محمد خاں شیرانی نے ارشاد کیا کہ کرونا نام کی کسی چیز کا وجود ہی نہیں۔ یہ ایک نیا عالمی نظام تشکیل دینے کی سازش ہے۔ ایک مشہور ٹی وی پروگرام میں ایک حکیم صاحب نے ارشاد کیا کہ قرآن کریم میں ویکسین کا ذکر ہی نہیں ؛لہٰذا کوئی جواز ہی نہیں۔

معاشرے کو ہم نے کن لوگوں کے سپرد کر دیا۔ کیسی پولیس، کیسی عجیب عدلیہ، کیسی بے رحم نوکر شاہی اور کیسے حکمران۔ چھ ہزار سال پہلے حمورابی نام کا ایک حکمران ہوگزرا ہے۔ اس عہد کے حجری کتبے پڑھ لیے گئے ہیں۔ ان میں سے ایک پر وہ عبارت لکھی ہے، جو قرآنِ کریم کی آیتِ مبارکہ کا ترجمہ محسوس ہوتی ہے "ولکم فی القصاص حیا ۃ یا اولی الالباب" اجتماعی حیات کی بقا اور فروغ کا انحصار قصاص پر ہے۔ قابلِ اعتماد نظامِ عدل پر کہ امن وامان اور استحکام ہی میں زندگی فروغ پاتی ہے۔ علوم بھی، معیشت بھی۔ آزادی میں ڈسپلن اور ڈسپلن میں مکمل آزادی۔ انسانی صلاحیت کے بروئے کار آنے میں حریتِ فکر سب سے اہم ہے۔ فرانس کے عظیم دانشور فرانزز فینن نے کہا تھا: غلام اپنے آقا کے ذہن سے سوچتاہے۔ ہٹیلا سے لے کر چنگیز خاں اور تاتاریوں سے روس اور امریکہ بہادر تک، لشکروں کی پیش قدمی الگ، اقوام کی پائیدار ترقی فقط علوم کے بل پرہوتی ہے۔ بیسویں صدی کے وسط تک برطانوی سلطنت پہ سورج غروب نہ ہوتا تھا۔ یہ صنعتی انقلاب کی وجہ سے ممکن ہوا، جس کے پہلو بہ پہلو نشاۃ ثانیہ کی تحریک اٹھی۔ حضرت داؤد ؑ ایسے پیغمبرانِ عظام کے بعد، تاریخ کے عظیم ترین حکمران عمر فاروقِ اعظمؓ نے یہ کہا تھا: جس سے نفرت کرتے ہو، اس سے ڈرتے رہو۔ ہماری کمزوری کابھارتیوں نے ادراک کیا۔ پاکستانی طالبان کے پشت پناہ ہو گئے۔ پھر سے ان کی صف بندی میں لگے ہیں۔

صنعتی انقلاب کے عہد میں ڈارون ایسے کردار ابھرے۔ اس بے بہا سائنس دان کوہم فقط نظریہء ارتقا کے حوالے سے جانتے ہیں۔ اس ایک "انکشاف" کے سوا کہ آدم زاد اور بند رایک ہی خاندان سے تعلق اور مشترکہ جدّامجد رکھتے ہیں، فلسفہء ارتقا بعض اہم سائنسی حقائق پر مشتمل ہے۔ ابنِ عربی اور ول ڈیوراں نے زیادہ قابلِ اعتماد نتائج اخذ کیے۔ ول ڈیوراں نے کہاکہ چوتھی عظیم برفباری کے بعد جو آخری آدمی بچ رہا تھا، اس پر برق چمکتی رہی تا آنکہ اس کا دماغ بڑھنے لگا۔"فصوص الحکم" میں، شیخِ اکبر کا قول یہ ہے: آدم کو تخلیق کیا تواللہ نے پچاس ہزار سال تک اس پہ نظر کی۔ قرآنِ کریم مطلع کرتاہے کہ حضرت آدمؑکی شکل میں 900سی سی کی بجائے 1350سی سی کے دماغ کا نیا انسان ظہور میں آیا۔ جس کی حیات دائمی ہے۔

حکمرانی بھی ایک علم ہے۔ احمقانہ مفروضہ یہ ہے کہ قبائلی طرزِعمل کے ساتھ امن و استحکام ممکن ہے۔ ایک ملک میں کئی نظام نہیں ہو سکتے۔ جس طرح ایک گھوڑے کی کئی لگامیں نہیں ہوتیں۔ وقت بیت اور بدل گیا ہے۔ حکمران طبقے کو مگر ادراک نہیں۔ ملک کوبنیادی تبدیلیوں کی ضرورت ہے۔

سیاسی سے زیادہ علمی تحریک کی۔ جذبات کے غلبے میں نہیں، زندگی حکمت سے نمو پذیر ہوتی ہے۔ اللہ کی آخری کتاب یہ کہتی ہے کہ صائب الرائے لوگ ہی زندگی کے مطالبات کا ادراک کر سکتے ہیں۔ اقبالؔ کا شعر یہ ہے:

اہلِ دانش عام ہیں، کم یاب ہیں اہلِ نظر

کیا تعجب ہے کہ خالی رہ گیا تیرا ایاغ

About Haroon Ur Rasheed

Haroon Ur Rasheed is a well known analyst and columnist. Currently, he is working with 92 News. He has worked for Dunya News, 92 News and Geo.

Check Also

Pakistan Par Mumkina Dehshat Gardi Ke Saye

By Qasim Imran