یورپ کے اکثر قصبوں میں دلچسپ روایت چلی آ رہی ہے، قصبوں کی کافی شاپس اور ریستورانوں میں دیوار پر وائٹ بورڈ نصب ہوتا ہے۔
ریستوران اور کافی شاپ کے گاہک اپنے لیے چائے، کافی اور کھانا منگواتے ہوئے ویٹر کو ایک چائے وائٹ بورڈ کے لیے، ایک کافی وائٹ بورڈ کے لیے یا فلاں کھانا وائٹ بورڈ کے لیے بھی آرڈر کر دیتے ہیں، ویٹر ان کا آرڈر انھیں سرو کر دیتا ہے اور اضافی کھانے، چائے یا کافی کی "سلپ" وائٹ بورڈ پر چپکا دیتا ہے، لوگ کھانا کھاتے ہیں، چائے کافی پیتے ہیں اور آخر میں بل کے ساتھ اس کھانے، چائے اور کافی کی ادائیگی بھی کر دیتے ہیں، کھانے، کافی اور چائے کی یہ چٹیں قصبے کے ان لوگوں کے لیے ہوتی ہیں جو چائے، کافی یا کھانا " افورڈ" نہیں کر سکتے، یہ غریب لوگ بھی عام گاہک کی طرح ریستوران یا کافی شاپ میں آتے ہیں، وائٹ بورڈ کے پاس رکتے ہیں، اپنی مرضی کی چٹ اتارتے ہیں، میز پر آ کر بیٹھتے ہیں، ویٹرکو وہ چٹ تھما دیتے ہیں اور ویٹر عام گاہکوں کی طرح انھیں بھی احترام کے ساتھ کھانا، چائے اور کافی سرو کر دیتے ہیں، یہ لوگ اگر وائٹ بورڈ سے خود چٹ نہ اتارنا چاہیں تو یہ ویٹر کے کان میں سرگوشی کر دیتے ہیں " مجھے وائٹ بورڈ کی ایک کافی دے دو" اور ویٹر وائٹ بورڈ سے خود چٹ اتارکر انھیں کافی، چائے اور کھانا دے دیتے ہیں، یہ بھوکوں کو کھانا، چائے اور کافی پلانے کا مہذب ترین طریقہ ہے، ہم بھی ملک میں یہ طریقہ رائج کر سکتے ہیں۔
پاکستان کی 60 فیصد آبادی غریب ہے، ان میں سے نصف انتہائی غربت کا شکار ہے، یہ لوگ کھانے پینے، ادویہ اور کپڑوں جوتوں تک سے محروم ہیں، یہ لوگ صرف غریب نہیں ہیں یہ مسکین بھی ہیں، غربت اور مسکینی میں فرق ہوتا ہے، مسکین گزارا نہیں کر سکتا جب کہ غریب رو دھو کر گزارا کر لیتے ہیں، ہم بحیثیت معاشرہ ان مسکینوں کے ذمے دار ہیں اور ہم میں سے ہر صاحب استطاعت شخص کسی نہ کسی حد تک ان مسکینوں اور غریبوں کی مدد بھی کرتا ہے، پاکستان چیریٹی کرنے والے دنیا کے پانچ بڑے ممالک میں شمار ہوتا ہے لیکن اس کے باوجود ملک میں مسکینوں اور غریبوں کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے، اس کی وجہ سسٹم ہے، ہم لوگ چیریٹی کرتے ہیں لیکن یہ چیریٹی آرگنائزڈ نہیں ہوتی چنانچہ ملک سے غربت اور مسکینی ختم نہیں ہو رہی، ہمیں اس کے لیے دو سطح پر کام کرنا ہو گا، پہلی سطح فوری امداد ہے، ہمیں مسکینوں کے لیے کھانے پینے، سودا سلف ادویات اور کپڑوں کا فوری بندوبست کرنا چاہیے، ہم اس سلسلے میں یورپ کے ماڈل کی مدد لے سکتے ہیں، ہم ملک کے تمام چھوٹے بڑے ریستورانوں، چائے خانوں، پرچون کی دکانوں، جوتوں کی شاپس، کپڑوں، درزی خانوں اور سبزی کے ٹھیلوں پر وائٹ بورڈ لگوا دیں، ہم میں سے خریداری کے لیے جانے والے لوگ اپنی استطاعت کے مطابق وہاں اضافی رقم جمع کروا دیں، دکاندار وائٹ بورڈ پر اضافی رقم کی چٹ لگا دے۔
مسکین اور غریب لوگ آئیں اور دکاندار سے ایک دن کی ضرورت کا سامان لے جائیں، یہ دکانیں اور ٹھیلے محلوں میں ہوں گے، دکاندارضرورت مندوں کو ذاتی طور پر جانتے ہوں گے، اس سے فراڈ کے امکان کم ہو جائیں گے ہاں البتہ چائے اور کھانا کوئی بھی شخص کھا سکے گا، کھانے اور چائے کے لیے ریستوران کے ملازمین ایک خصوصی اہتمام کریں، یہ مسکینوں اور غریبوں کو واش روم لے کر جائیں، ان کے ہاتھ اور منہ دھلوائیں، کنگھی کروائیں اور اس کے بعد انھیں ڈائننگ ٹیبل پر بٹھا کر کھانا کھلائیں، اس سے ان لوگوں کو ہاتھ، منہ دھونے، صاف ستھرا رہنے اور میز پر بیٹھ کر کھانا کھانے کی عادت بھی ہو جائے گی اور یہ بہت بڑا انقلاب ہو گا، مخیر حضرات ادویات کی دکانوں پر بھی اضافی پے منٹ کر سکتے ہیں، کیمسٹ حضرات ضرورت مندوں کو اس پے منٹ سے مفت ادویات دے سکتے ہیں تاہم یہ خصوصی اہتمام کریں، یہ ضرورت مند مریضوں کو صرف ایک یا دو دن کی دوا دیں، سیرپ، انجیکشن، کیپسول اور گولی کی پیکنگ پھاڑ دیں یا ڈھکن کی سیل توڑ دیں تا کہ مریض یا جعلی مریض یہ ادویات بازار میں فروخت نہ کر سکیں، اس سے مسکین مریضوں کو ادویات بھی مل جائیں گی اور مخیر حضرات کی امداد بھی صحیح جگہ پر لگ جائے گی، کپڑوں کے معاملے میں اہل خیر کپڑا خرید کر درزیوں کے حوالے کر دیں یا پھر بوتیکس کو امدادی رقم دے دیں، درزی مسکینوں کے ناپ کے مطابق کپڑے سی کر دیں اور بوتیکس کے مالکان ضرورت مندوں کو لیبل اتار کر کپڑے دیں، اس سے بھی فراڈ کم ہو جائے گا اور ضرورت مندوں کی باقاعدہ مدد بھی ہو جائے گی۔
ہمیں دوسرے اسٹیج پر مسکینوں کو غریبوں کی فہرست اور غریبوں کو لوئر مڈل کلاس میں لانے کے لیے کام کرنا ہو گا، ملک کے تمام قصبوں اور شہروں کے مخیر حضرات اپنی اپنی سطح پر روزگار اسکیمیں بنا سکتے ہیں، یہ فنڈ جمع کریں، سروے کریں، علاقے میں کتنے لوگ مسکین اور غریب ہیں، یہ اسٹڈی کریں ان لوگوں کا خاندانی پیشہ کیا تھا کیونکہ غربت اور مسکینی کا پیشوں کے ساتھ گہرا تعلق ہوتا ہے، معاشرے میں جب بھی کوئی پیشہ دم توڑتا ہے تو یہ بیسیوں خاندانوں کو غریب کر جاتا ہے، مثلاً آج سے بیس سال پہلے پاکستان کے ہرشہر میں تانگے ہوتے تھے، یہ تانگے شہروں کے بیسیوں خاندانوں کا ذریعہ روزگار تھے، یہ ختم ہوئے تو یہ سیکڑوں ہزاروں خاندانوں کو غریب اور مسکین بنا گئے، ملک میں اسی طرح موچیوں، نائیوں اور ترکھانوں کا فن زوال پذیر ہوا، قصبوں میں ڈھول اور باجوں والے ہوتے تھے۔
اسٹریٹ تھیٹرز، مداری اور اسٹریٹ سرکس سے بھی ہزاروں لوگ وابستہ ہوتے تھے، گلیوں اور محلوں میں چائے خانے ہوتے تھے، یہ چائے خانے بھی ختم ہو گئے، شہروں سے کھوتی ریڑھی بھی ختم ہو گئی اور چنے اور بھٹے والے بھی بے روزگار ہو گئے، سوئیاں بنانے، اچار چٹنی اور مربے والے بھی بے روزگار ہوگئے اور تنور والے بھی غربت میں چلے گئے، یہ تمام فن شہر بھر کا روزگار ہوتے تھے، قصبوں اور شہروں کے مخیر حضرات یہ فن دوبارہ زندہ کر سکتے ہیں، ہم سب کے گھروں میں روٹی پکتی ہے، ہم اگر ایک روٹی پر خرچ ہونے والی توانائی، وقت اور سرمائے کا تخمینہ لگائیں تو یہ بازار سے ملنے والی روٹی سے دگنی اور تین گنا مہنگی نکلے گی، ہمارے مخیر حضرات اگر ہر محلے میں تنور لگوائیں، یہ تنور مسکین فیملیوں کو دے دیں اور یہ فیصلہ کر لیں تمام لوگ ان تنوروں سے روٹی خریدیں گے تو چند ماہ میں قصبے کے سیکڑوں لوگ مسکینی سے نکل آئیں گے۔
ہم ان تنوروں پر چولہے رکھوا کر چپاتی بھی بنوا سکتے ہیں، پراٹھے بھی، نان بھی اور مولی اور ساگ والی روٹیاں بھی۔ مخیر حضرات شہر میں موچیوں کی گلی آباد کرا سکتے ہیں یا چھوٹا سا موچی بازار بنوا سکتے ہیں اور یہ فیصلہ کر لیں قصبے کا ہر خاندان ہر مہینے ان سے ایک جوتا خریدے گا، بڑے شہروں اور بیرون ملک سے آنے والے لوگ جوتوں کے نئے ڈیزائن لے آئیں اور موچیوں کو یہ ڈیزائن کاپی کے لیے دے دیں، قصبے کے لوگ فیصلہ کر لیں قصبے کی ہر شادی اور ہر تقریب میں صرف اور صرف مقامی ڈھولچی ہی ڈھول بجائیں گے، قصبے یا شہر میں ہر ہفتے کی شام اسٹریٹ تھیٹرز کا بندوبست کیا جائے، یہ تھیٹر سرکس، مداری تماشا، گانے بجانے اور جمناسٹک کے کھیلوں پر مشتمل ہو، اس سے قصبے اور شہر بھر کو تفریح بھی ملے گی اور ان پیشوں سے وابستہ لوگوں کے چولہے بھی جلنے لگیں گے، پاکستان میں صدیوں سے چائے خانوں کی روایت چلی آ رہی تھی، ملک کے تمام شہروں اور قصبوں میں درجنوں چائے خانے ہوتے تھے، لوگ شام کے وقت ان چائے خانوں میں بیٹھ جاتے تھے، گپ لگاتے تھے، ریڈیو سنتے تھے اور تاش اور شطرنج کھیلتے تھے، یہ چائے خانے تفریحی اور سوشل گیدرنگ کا بہت بڑا ذریعہ بھی ہوتے تھے اور شہر کے غریبوں کی آمدنی کا بھی، یہ چائے خانے اب ختم ہو گئے ہیں۔
شہر کے مخیر حضرات کو ہر گلی، ہر محلے میں ایسے چائے خانے بنوانے چاہئیں، میونسپل کمیٹیاں اور سیاستدان بھی یہ " اینی شیٹو" لے سکتے ہیں، مخیر حضرات قصبوں کے انتہائی غریب خاندانوں کے بچوں کے لیے ووکیشنل ٹریننگ کا بندوبست بھی کر سکتے ہیں، یہ اس سلسلے میں سرکاری اسکولوں کی مدد لے سکتے ہیں، ہمارے سرکاری اسکول دو بجے کے بعد بند ہو جاتے ہیں، مخیر حضرات ان اسکولوں میں شام چار بجے سے آٹھ بجے تک ووکیشنل کلاسز شروع کرا دیں، ان کلاسز میں مسکین اور غریب خاندانوں کے بچوں اور خواتین کو مختلف کام سکھائے جائیں، مخیر حضرات "اخوت" کی طرح چھوٹے قرضوں کی اسکیمیں بھی شروع کر سکتے ہیں، یہ قرضے صرف علاقے کے لوگوں کو دیے جائیں، ان کو چھوٹے چھوٹے کاروبار کرائے جائیں تاکہ یہ اپنے قدموں پر کھڑے ہو سکیں، شہر کے مزدوروں، ترکھانوں، لوہاروں اور مستریوں کو دس، دس پندرہ پندرہ دنوں کی جدید ٹریننگ دلائی جائے اور یہ فیصلہ کیا جائے شہر یا قصبے کی تمام تعمیرات انھیں لوگوں سے کرائی جائے گی تاہم شہر بھر کے لیے ان کے ریٹس ضرور طے کر دیے جائیں، شہر اور قصبے کے اندر بگھی یا جدید طرز کے تانگے چلائے جائیں، اس سے پلوشن بھی کنٹرول ہو گا، تیل اور گیس کی بچت بھی ہو گی اور روزگار کے نئے ذرایع بھی پیدا ہوں گے۔
اگر یورپ کے شہروں میں تانگے اور بگھیاں چل سکتی ہیں تو ہم ایسا کیوں نہیں کر سکتے اور شہر کے تمام مخیر حضرات اپنی دکانوں، گھروں اور ورکشاپس پر غریب اور مسکین خاندانوں کے بچوں کو نوکری دیں، یہ ان کی تعلیم کا بندوبست بھی کریں، انھیں کوئی ہنر بھی سکھائیں اور ان کی تنخواہ کا بندوبست بھی کریں، اس سے بھی غربت کم ہو جائے گی۔
(نوٹ: یہ ماڈل بھی اس وقت دنیا کے مختلف ممالک میں کامیابی سے چل رہے ہیں، کوئی صاحب یا ادارہ اس پرپالیسی بنانا چاہے تو اس پر بھی تفصیلی بات ہو سکتی ہے۔ )