Wednesday, 27 November 2024
  1. Home/
  2. Orya Maqbool Jan/
  3. Sach To Ye Hai

Sach To Ye Hai

یہ کتاب نہیں ایک زور دار طمانچہ ہے، ایسے تمام خود ساختہ مؤرخین، محققین، کالم نگاران اور اینکر پرسنوں کے بے بنیاد اور بے دلیل "جہل" کے منہ پر جسے پاکستان، قائداعظمؒ اور علامہ اقبال سے عقیدت و محبت کے جذبے سے سرشار ہو کر نہیں لکھا گیا، بلکہ دلائل و براہین اور شواہد کو اکٹھا کرنے کے بعد تحریر کیا گیا ہے، یہ ان میڈیا شخصیات کے مسلسل جھوٹ کا حقائق کی بنیاد پر جواب ہے، جن کے ہاتھ میں قلم اورجن کی جہالت کے سامنے بدقسمتی سے کیمرہ آگیا ہے۔ ایک زمانے میں ایسے جھوٹ چند کتابوں تک محدود ہوتے تھے، جنہیں نہ صرف تاریخ کے کوڑادان میں موجود گندگی کے ڈھیر پر جگہ ملتی تھی بلکہ فٹ پاتھوں پر یہ کتابیں کباڑیوں کے ہاتھوں فروخت ہوتی تھیں۔ پاکستان کے جدید کالم نگاروں اور اینکر پرسنوں نے ان ڈھیروں سے وہ کتب اٹھائیں اور پاکستان کے اسلامی تشخص، قائداعظمؒ علامہ اقبال کی شخصیت پر کیچڑ اچھالنا شروع کر دیا۔ یہ کتاب دلائل و شواہد کا ایسا ذخیرہ ہے جو اس جھوٹ کا پردہ چاک کرتا ہے۔

کتاب کے مصنف کے تعارف کی ضرورت اس لئے نہیں کہ دنیا انہیں جانتی ہے، "کہ آپ اپنا تعارف ہوا بہار کی ہے"۔ لیکن اپنے ساتھ تحریر کے رشتے کے علاوہ ایک نسبت کا ذکر کرنا چاہوں گا کہ جب میں 2008ء میں حکومت پنجاب میں سیکرٹری اطلاعات و ثقافت تعینات ہوا تومجھ سے چند سال پہلے یہ عظیم شخصیت، "ڈاکٹر صفدر محمود" اس عہدے کی عزت و توقیر میں اپنی تعیناتی کی وجہ سے اضافہ کر چکی تھی۔ ڈاکٹر صاحب علم و تحقیق اور نوکری کے معاملے میں نہ صرف میرے پیش رو ہیں بلکہ میرے لئے مشعل راہ کی حیثیت رکھتے ہیں۔ کالم لکھتے ہیں اور درجنوں کتابوں کے مصنف ہیں۔ کتاب کا نام "سچ تو یہ ہے" رکھا گیا ہے جسے میں "سچ تو یہی ہے" پڑھتا ہوں۔ ڈاکٹر صاحب کی کتاب نے جس جھوٹ کا پردہ چاک کیا ان میں چند ایک کا ذکر یوں ہے۔

پاکستان کا سیکولر طبقہ ایک شخص کو بہت بڑا تاریخ دان بنا کر پیش کرتا ہے جس کا نام "ڈاکٹر مبارک علی" ہے۔ اس شخص نے علامہ اقبال کی بجائے تقسیم ہند کے منصوبے کو انگریز اور قادیانی ظفر اللہ کے کھاتے میں ڈالنے کی بغیر ثبوت کوشش کی اور خطبہ الہ آباد سے لے کر قرارداد پاکستان تک ہر چیز کا سہرا ان دونوں کے سر باندھ دیا۔ ڈاکٹر صاحب نے ان دس سالوں کے اخبارات اور اس دور میں لکھی جانے ولی کتابوں کا مطالعہ کیا اور پھر علامہ اقبال اور قائداعظمؒ کے درمیان ہونے والی گفتگو اور خط و کتابت سے لے کر اس دور کے افراد کے انٹرویوز تک کھنگالے، یہاں تک کہ ظفر اللہ کا 1981ء کا اپنا انٹرویو جو "ڈان اخبار" میں چھپا، جس میں اس نے کہا کہ میرا اس پورے معاملے سے کوئی تعلق نہیں تھا۔ یوں انہوں نے ثابت کیا کہ تخلیقِ پاکستان میں اقبال اور قائداعظمؒ کا کیا ربط تھا۔ ڈاکٹر صاحب نے 23مارچ 1940ء کے دو دن بعد لاہور میں یوم اقبال کی تقریب میں قائداعظمؒ کی تقریر کا یہ اقتباس درج کیا ہے، "اگر مسلمان ریاست معرض وجود میں آجائے اور مجھے اس ریاست کی حکمرانی اور کلام اقبال میں چوائس (Choice)دیا جائے تو میں کلام اقبال کو ترجیح دوں گا۔

ایک "کالم نگار جمع اینکر پرسن" کو ہندوئوں سے نہ جانے کیا عقیدت تھی اور قائداعظمؒ کے اسلامی تشخص سے کیا نفرت تھی کہ انہوں نے پاکستان کے پہلے ترانے کا خالق جگن ناتھ آزاد کو قرار دے دیا اور ساتھ ترانے کے بول بھی سنا دئیے۔ میں چونکہ جگن ناتھ آزاد سے ملا بھی ہوا تھا اور ان کے والد تلوک چند محروم کی شاعری کو پسند بھی کرتا تھا، تو پہلی نظر میں ہی مجھے وہ ترانہ ایک گھٹیا قسم کی شاعری لگی اور اگر کوئی بھی ریڈیو پاکستان کا سکرپٹ ایڈیٹر ہوتا تو اس ترانے کے پرزے کرکے گٹر میں پھینک دیتا۔ یہ ترانہ بذات خود جگن ناتھ آزاد کی شاعری پر بھی ایک تہمت تھی۔ لیکن کمال ہے کہ ڈاکٹر صفدر محمود کی تحقیق کا کہ انہوں نے قومی ترانے کی پوری تاریخ نکال کر ان جھوٹوں کے منہ پر دے ماری۔ انہوں نے بتایا کہ اس دوران ریڈیو پاکستان کے سکرپٹ ایڈیٹر احمد ندیم قاسمی تھے۔ 14اور 15اگست کی درمیانی شب ان کا نغمہ "پاکستان بنانے والے، پاکستان مبارک ہو"، اس کے اگلے دن 15اگست کو مولانا ظفر علی خان کا ملی نغمہ "توحید کے ترانے کی تانیں اڑانے والے" مسلسل نشر ہوتا رہا۔"کالم نگار جمع اینکر پرسن" نے یہ دعویٰ کیا تھا کہ جگن ناتھ آزاد کا ترانہ 18ماہ بجتا رہا۔ ڈاکٹر صاحب نے اس دوران ریڈیو کے پروگراموں کے چارٹوں کا مطالعہ کیا اور بتایا کہ ان میں اس ترانے کا کوئی ذکر نہ تھا۔

قائداعظمؒ کے آخری ایام کے بارے میں لیاقت علی خان اور دیگر لوگوں کی کشمکش کے جو افسانے تراشے گئے ان کا اس کتاب میں شواہد کی بنیاد پر رد کیا گیا۔ یہاں تک ثبوت دئیے گئے کہ جب قائداعظمؒ کی ایمبولینس خراب ہوئی تو ان کے پیچھے وزیراعظم لیاقت علی خان کی گاڑی موجود تھی، جو اس وقت خود اتر کر وہاں کھڑے رہے، جب تک دوسری ایمبولینس نہ آئی۔ قائداعظمؒ کے بارے میں ایک اور جھوٹ یہ گھڑا جاتا ہے کہ وہ جب ڈھاکہ یونیورسٹی گئے تو ان کی تقریر کے دوران زبان کے مسئلے پر ہنگامہ ہوا۔ ڈاکٹر صاحب ڈھاکہ گئے اور اس تقریب کے بزرگ شرکاء سے ملے اور پھر پولیس انسپکٹر ھنسوٹیا کے اس انٹرویو کی شہادت بھی لائے جس نے کہا تھا کہ "اس تقریر کے دوران کسی کے کھانسنے کی آواز تک نہ آئی"۔ حیرانی کی بات یہ ہے کہ 25فروری1946ء کو دستور ساز اسمبلی میں اردو کو قومی زبان بنانے کی جو قرارداد منظور ہوئی تھی، اس میں سوائے چند بنگالی ہندو اراکین کے تمام بنگالیوں نے بھی ووٹ دیا تھا۔ انہی چند ہندوئوں اور قوم پرستوں کی سازش تھی کہ زبان کا معاملہ اٹھایا گیا اور اس پر علیحدگی کی تحریک چلائی گئی۔

حالانکہ 19اپریل 1954ء کو پاکستان کی دستور ساز اسمبلی بنگالی کو قومی زبان کا درجہ دے چکی تھی۔ ایوب خان کے زمانے میں تو خبروں کے بنگالی بلیٹن، نوٹ پر بنگالی زبان اور ڈاک کے ٹکٹوں پر بنگالی میں نے خود دیکھی ہے۔ لیکن وہ جن کو پاکستان کی اساس سے نفرت ہے، وہ اس موضوع کو آج بھی زندہ رکھنا چاہتے ہیں۔ کتاب کی سب سے اہم تحقیق یہ ہے کہ قائداعظمؒ کو فرقہ بندی میں تقسیم کرکے متنازعہ بنانے کے لئے ایک کہانی گھڑی گئی کہ ان کی ایک اور نماز جنازہ اثنا عشریہ مکتبہ فکر کے تحت گھر کے اندر ہوئی تھی۔ اس پر ڈاکٹر صاحب نے حیران کر دینے والے شواہد پیش کئے ہیں جن سے محسوس ہوتا ہے کہ قائداعظمؒ کو فرقہ بندی سے شدید نفرت تھی۔ ان کے ملٹری سیکرٹری بریگیڈیر "نورحسن" کی گواہی سے بتایا ہے کہ وہ اس روز، رات بھر جاگتے رہے اور قائداعظمؒ کا کوئی ایسا جنازہ نہ ہوا، "پھر انہوں نے خود ہی بتایا کہ ان کے ایک اے ڈی سی نے قائداعظمؒ کو ایک چٹ دی جس پر لکھا تھا کہ کراچی کی فلاں جگہ پر کل شام "مجلس" پر آپ کا انتظار رہے گا"۔ قائداعظمؒ نے چٹ پڑھتے ہی حکم دیا کہ "اس اے ڈی سی کو پہلی دستیاب ٹرین سے راولپنڈی جی ایچ کیو بھجوا دیا جائے"۔

قائداعظمؒ کو سیکولر ثابت کرنے کے جواب میں اس کتاب کا باب "قائداعظمؒ اور سیکولرازم" خصوصاً اور پوری کتاب عموماً لاجواب ہے۔ کتاب میں قائداعظمؒ کی تقریر کا یہ اقتباس آنکھوں کو تر کردیتا ہے، یہ تقریر 1939ء کی ہے۔ قائداعظمؒ نے فرمایا، "میں چاہتا ہوں کہ مرتے دم میرا دل، ایمان اور میرا ضمیر گواہی دے کہ جناح تم نے مدافعتِ اسلام کا حق ادا کردیا۔ جناح تم مسلمانوں کی حمایت کا فرض بجا لائے۔ میرا خدا یہ کہے کہ بیشک تم مسلمان پیدا ہوئے اور کفر کی طاقتوں کے غلبے میں اسلام کو سربلند رکھتے ہوئے مسلمان مرے"۔ 63سالہ قائداعظمؒ کے الفاظ ہیں جو آخرت کی جوابدہی، اسلام کے جذبے اور سربلندی کے تصور سے معمور ہیں۔ یہ کتاب نہیں، ایک دستاویز ہے، ایک حقائق نامہ ہے، سچ کا ایک سفر ہے۔ دیکھنا یہ ہے کہ اس کتاب کے بعد کون کون ہے جو اپنے جھوٹ پر شرمسار ہوتا ہے، معذرت کرتا ہے۔ لیکن کوئی نہیں کرے گا کیونکہ پاکستان کے میڈیا پر قابض یہ ٹولہ معذرت کا عادی ہی نہیں ہے۔

About Orya Maqbool Jan

Orya Maqbool Jan is a columnist, writer, poet and civil servant from Pakistan. He has written many urdu columns for various urdu-language newspapers in Pakistan. He has also served as director general to Sustainable Development of the Walled City Project in Lahore and as executive director ECO, Cultural Institute, Tehran and information secretary to the government of the Punjab.

Check Also

Pakistan Par Mumkina Dehshat Gardi Ke Saye

By Qasim Imran