Monday, 25 November 2024
  1. Home/
  2. Saad Ullah Jan Barq/
  3. Batangarnama Yani Batangar Ka Batangar

Batangarnama Yani Batangar Ka Batangar

بات، باتوں، باتیں وغیرہ کے بارے میں ہم جانتے ہیں کہ صرف انسان کی "صفت یاعیب" ہے، انسان اپنی اس خوب یابرائی پر اپنی مونچھوں کو تاؤدیتا رہتا ہے جب کہ "حیوانات"اﷲ کاشکراداکرتے ہیں کہ دوچھٹانک گوشت کا یہ لوتھڑا جو سراسرآزاد ہی آزاد ہے، ہمارے منہ میں نہیں ہے۔

خیریہ ایک الگ مسئلہ ہے جو بے زبانوں اور زبان داروں بلکہ زبان درازوں کے درمیان وجہ نزاع ہے، لیکن باتوں کے ساتھ یہ جو "بتنگڑ" کالفظ استعمال ہوتاہے، اس کی سمجھ ہمیں نہیں آتی۔ ہم نے جب بتنگڑ کے بارے تحقیق کا آغازکیا تو کسی بھی زبان کی لغت میں اس کے معانی نہیں ملے، سوائے پشتو کے۔ پشتو میں باتینگڑ بینگن کو کہتے ہیں، اوراس کے ساتھ ایک کہانی بھی ہے، سو ہم اس کہانی کاایک منظر آپ کو دکھاتے ہیں۔

شاہی دربارکامنظر ہے۔ سارے درباری یا معاونین خصوصی برائے بیٹھے ہوئے ہیں اورپھر باادب باملاحظہ ہوشیار کے ساتھ "عالم فنا" تشریف فرما ہوتے ہیں۔"عالم فنا" تھوڑی دیر اپنے دانتوں میں خلال کرنے کے بعد گویاہوتے ہیں۔

عالم فنا، یہ بتنگڑ بڑے کمال کی چیزہے، واہ کیا ذائقہ ہے، کیامزہ ہے، کیا لطف ہے، کیاخوشبو۔ رات ہم نے بتنگڑ کوشرف طعام بخشا تھا، طبیعت ابھی تک ہشاش بشاش ہے۔

وزیربرائے خوارک، دستہ بستہ ہوکر اگر "عہدے"کی امان پاؤں تو میں بھی آنریبل"بتنگڑ" کے بارے میں کچھ عرض کرنا چاہتاہوں۔

عالم فنا۔ امان ہے، لگے رہو۔

برائے خوراک۔ عالی جا۔ ہمارے محکمہ خوراک نے بعد ازتحقیق نتیجہ اخذ کیاجس پر صرف دس کروڑ روپیہ خرچ آیاہے بتنگڑ کو سبزیوں کا سرتاج قراردیا ہے اوراب بیس کروڑروپے کے خرچ سے ایک پروگرام لانچ کرنے والاہے کہ ملک بھر میں بتنگڑ کی تشہیرکی جائے، کہ بتنگڑ کھاو، بتنگڑپیواوربتنگڑ پہنو۔

عالم فنا۔ بہت خوب۔

برائے صحت۔ عالم فنااگر اپنی پوسٹ کی امان پاؤں تو میں بھی کچھ عرض کرناچاہتاہوں۔

عالم فنا۔ لگے رہو۔

برائے صحت۔ عالی جا، محکمہ صحت کی ایک ٹیم نے ملک اوربیرون ملک تحقیق کرنے کے بعد پتہ لگایاکہ بتنگڑ میں دنیاکے سارے وٹامنزاورمنرلزموجود ہیں، اس لیے ہم نے ایک نعرہ لانچ کیاجس پر صرف تیس کروڑ لاگت آئے گی اورملک کے کونے کونے میں ایک ہی نعرہ ہوگا، ایک بتنگڑ روزانہ، بھاڑ میں جائے دواخانہ، شفاخانہ اورزمانہ۔

عالم فنا۔ بہت اچھے لگے رہو۔

برائے تعلیم۔ عالم فنا میں بھی اگر اپنے عہدے کی گارنٹی پاؤں توکچھ عرض کروں۔

عالم فنا۔ گارنٹی ہے۔

برائے تعلیم۔ حضورپرنور۔ محکمہ تعلیم کے ماہرین نے ریسرچ کرکے ثابت کیاہے کہ جوبچے بتنگڑ کھاتے ہیں، وہ پوزیشن ہولڈراورٹاپرہوجاتے ہیں جب کہ بتنگڑنہ کھانے والے فیل ہوجاتے ہیں، اس لیے محکمہ تعلیم نے بندوبست کیاہے کہ بچوں کو اسکولوں میں بتنگڑکھلایاجائے، اس پر صرف چالیس کروڑ روپے ماہانہ کاخرچہ آئے گا۔

عالم فنا۔ لگے رہو، لگے رہو۔

دوسرادن

آج بھی دربار سجاہواہے، سارے معاونین خصوصی برائے…بیٹھے ہیں۔ عالم فناکے تشریف فرما ہونے پر رکوع کی حالت میں تب تک رہتے ہیں جب تک عالم فنا تخت نشین نہیں ہوجاتا، لیکن آج عالم فنا کے چہرے پر انتہائی خشونت، غصے اورنفرت کے اثرات تھے۔ بیٹھتے ہی عالم فنا گالیوں کی ایک ریپڈ فائرنگ کرتا ہے اوربنتگڑ کی ماں بہن دادی نانی بلکہ پھوپھی خالہ کاذکر نہایت ہی بے وضوالفاظ میں کرتا ہے۔ خداغارت کرے، اس کاککھ نہ رہے، اس بتنگڑ کو کس نے کھانے کی چیز قراردیا، فوری طورپر ایکشن لے کر اس شخص کو ڈنڈاڈولی کرکے حاضر کیا جائے، انتہائی واہیات چیزہے بتنگڑ، اس کا نام ہی ناپسندیدہ۔

برائے خوراک۔ عالم فنا۔ ہم پہلے ہی بتنگڑ کو غذائی لسٹ سے خارج کرچکے ہیں کیوں کہ بتنگڑ نہ ہی میں ہے نہ شی میں، انتہائی نقصان دہ بلکہ خطرناک چیزہے، اس کی کاشت، برداشت اوربیچنے خریدنے پرپابندی لگادی گئی ہے۔

عالم فنا۔ بہت اچھے۔

برائے صحت۔ میرے محکمے نے تو اسے ام الامراض اورفادر آف ڈیزیزقراردیاہے، اس میں تقریباً ہرمرض کے جراثیم اوروائرس ہوتے ہیں بلکہ کوروناکے ساتھ نقل وحمل کے پیچھے بتنگڑ کاہی ہاتھ ہے۔

عالم فنا۔ بالکل درست، بلکہ آج ہی حکم جاری کیاجائے کہ جہاں کہیں بتنگڑ پایاجائے، اسے اسی وقت اسی جگہ پھانسی پر چڑھادیاجائے۔

برائے تعلیم۔ ہمارے ڈیپارٹمنٹ نے یہ ریسرچ کیاہے کہ ملک بھر میں لٹریسی کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ یہ بتنگڑہی ہے، اس کے کھانے سے دماغ اس قدرماؤف ہوجاتاہے کہ لوگ تعلیم چھوڑ کر سیاست جوائن کرتے جارہے ہیں۔

عالم فنا۔ بہت خوب

برائے ٹیکس۔ عالم فنا میری تجویزیہ ہے کہ بتنگڑ نام کی قوم دشمن، ملک دشمن، چیزکو کیفرکردار تک پہنچا دیاجائے اوراس پر اتنا بھاری ٹیکس عائد کیاجائے کہ اس کی حالت بھی عوام کالانعام جیسی ہوجائے۔

Check Also

Pakistan Par Mumkina Dehshat Gardi Ke Saye

By Qasim Imran