Wednesday, 08 January 2025
  1. Home/
  2. Yasir Pirzada/
  3. Char Aqalmand Afrad

Char Aqalmand Afrad

وین بل کھاتے ہوئے پہاڑی راستوں پر چکراتی ہوئی اپنی منزل کی طرف رواں دواں تھی، وین میں چار افراد سوار تھے، ڈرائیور نے انہیں وادی کے صدر دفتر سے وصول کیا تھا اور اُسے ہدایت کی گئی تھی کہ انہیں پہاڑ کے دامن میں واقع عمارت میں پہنچا دے، بہت کم لوگوں کو معلوم تھا کہ یہ عمارت محکمہ انصاف و قانون کے دفتر کے طور پر استعمال ہوتی ہے۔ یہ پہلا موقع تھا کہ ڈرائیور کو کہا گیا تھا کہ اس مرتبہ اُس کے ساتھ چار افراد بھی جائیں گے، اس سے پہلے وہ ہمیشہ اکیلا ہی عمارت تک ضرورت کا سامان پہنچا کر واپس آ جایا کرتا تھا۔ جو چار لوگ وین میں موجود تھے اُن کا شمار شہر کے دانا اور عقل مند لوگوں میں ہوتا تھا مگر ان کے گلے میں جو شناختی کارڈ لٹکے ہوئے تھے اُن پر ناموں کی جگہ حروف تہجی درج تھے۔ الف ان سب میں جہاندیدہ لگ رہا تھا، اس کے چہرے پر گہری سنجیدگی تھی، اس کی شخصیت کے رعب داب کو دیکھ کر لگ رہا تھا جیسے وہ اِس چھوٹے سے گروپ کا سربراہ ہو۔ ب نسبتاً کم عمر تھا، البتہ آنکھوں پر سیاہ فریم کا چشمہ لگا کر وہ اپنی عمر سے کچھ بڑا لگتا تھا، جیم ایک خاتون تھی، عمر پچاس کے لگ بھگ، مگر اس کے رکھ رکھاؤ سے لگتا تھا جیسے اس کی شادی نہیں ہوئی، د ایک نوجوان تھا، بظاہر غیر سنجیدہ اور کھلنڈرا مگر اُس کی آنکھوں سے ذہانت ٹپکتی تھی۔ یہ چاروں شہر کے حکمران کی دعوت پر محکمہ انصاف کے دفتر میں مدعو تھے جہاں انہیں شہر کے لئے نئے قوانین مرتب کر نا تھے۔ اصولاً تو محکمہ انصاف کے دفتر کو شہر کی مرکزی شاہراہ پر ہونا چاہئے تھا مگر نہ جانے کیا سوچ کر سرکار نے اِس کے لئے اُس عمارت کا انتخاب کیا جو شہر سے باہر پہاڑ کی چوٹی پر واقع تھی۔ عمارت کیا تھی ایک پرانا قلعہ تھا جو کافی عرصے تک ویران رہا تھا پھر شہری انتظامیہ میں سے کسی کو خیال آیا کہ کیوں نہ اسے سرکاری مقاصد کے لئے استعمال کیا جائے، بلدیہ کے اجلاس میں کافی بحث کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا کہ اس عمارت میں شہر کا محکمہ قانون و انصاف کا دفتر قائم کر دیا جائے۔ کچھ ارکان نے اِس تجویز کی یہ کہہ کر مخالفت کی کہ یہاں تک پہنچنے میں لوگوں کو دقت ہو گی مگر اِس رائے کو اِس بنا پر رد کر دیا گیا کہ محکمہ انصاف تک ہر خاص و عام کی رسائی ویسے بھی نامناسب ہے، اس محکمے کے افسران کو الگ تھلگ رہ کر خاموشی اور غیر جانبدار ی سے اپنا کام کرنا چاہئے۔ عمارت چونکہ کافی بڑی تھی سو یہ بھی طے پایا کہ افسران کی رہائش کا بندو بست بھی اسی کے اندر کر دیا جائے۔ اس انتظام کو اب کئی سال ہو گئے تھے، مہینے میں ایک مرتبہ وادی سے اس عمارت تک راشن اور ضرورت کی اشیا پہنچا دی جاتیں تاکہ عمارت کے مکینوں کو کوئی دقت نہ ہو، اس کام کے لئے ایک سرکاری وین مختص تھی، ہر ماہ کی پہلی تاریخ کو یہ وین وادی میں واقع صدر دفتر سے نکلتی اور چڑھائی چڑھتی ہوئی عمارت تک پہنچ جاتی، وہاں کا ایک ملازم خاموشی سے وین کے ڈرائیور سے اشیا کے پیکٹ وصول کرتا اور رسید دے کر ڈرائیور کو واپس بھیج دیتا۔ ڈرائیور اور ملازم نے آپس میں کبھی کوئی غیر ضروری بات نہیں کی تھی، یوں لگتا تھا جیسے ملازم کو وادی کے حالات سے کوئی غرض ہی نہیں، ادھر ڈرائیور کو بھی عمارت کے مکینوں میں کوئی دلچسپی نہیں تھی حالانکہ وادی کے لوگوں میں سے شاید وہ واحد شخص تھا جس کی اس قلعے نما عمارت تک رسائی تھی۔ وادی میں رہنے والوں کے لئے کسی زمانے میں یہ عمارت پُر اسرار رہی ہوگی مگر اب انہیں اس میں کوئی دلچسپی نہیں تھی، شہر کی آبادی کافی بڑھ چکی تھی اور وادی میں انواع و اقسام کی تفریحات موجود تھیں، ایسے میں ایک دور افتادہ عمارت، جہاں پہنچنا قریباً ناممکن تھا، ان کے لئے کوئی خاص کشش نہیں رکھتی تھی۔

وادی سے پہاڑ کی چوٹی تک پہنچنے میں انہیں تین گھنٹے لگے، ڈرائیور انہیں وہاں چھوڑ کر فوراً واپس چلا گیا، عمارت کے مرکزی دروازے پر محکمہ انصاف کے سربراہ نے ان چاروں مہمانوں کا استقبال کیا، کچھ دیر تک یہ لوگ آپس میں رسمی گفتگو کرتے رہے، پھر یہ طے پایا کہ بغیر وقت ضائع کیے اس کام کا آغاز کیا جائے جس کے لئے شہر کے حکمران نے ان داناؤں کو منتخب کیا تھا۔ اِن چاروں کو اندازہ تھا کہ اِن کے ذمے شہر کے لئے ایک مثالی نظام انصاف کا ڈھانچہ تیار کرکے قوانین کا ایسا مجموعہ مرتبہ کرنا ہے جس میں ہر کسی کو مساوی حقوق حاصل ہوں اور کسی کے ساتھ نا انصافی ممکن نہ ہو سکے۔ یہ کام آسان نہیں تھا۔ تاہم شہر کے حکمران نے انہیں یقین دلایا تھا کہ انصاف پر مبنی وہ جو بھی نظام تجویز کریں گے اس کو من و عن نافذ کیا جائے گا۔ محکمہ انصاف کا سربراہ ان چاروں کو کمرے میں چھوڑ کر یہ کہہ کر رخصت ہو گیا کہ اب انہیں اسی وقت واپس بھیجا جائے گا جب وہ اپنا کام مکمل کر لیں گے۔ الف نے گلا کھنکار کر گفتگو کا سلسلہ شروع کیا:

"میرا خیال ہے کہ آپ سب لوگ قانون و انصاف کے شعبوں کے ماہر ہیں، بے شک مختصر وقت میں یہ کام مکمل کرنا ممکن نہیں مگر ہم اتنا ضرور کر سکتے ہیں کہ قوانین کا پورا سیٹ مرتب کرنے کے بجائے کچھ بنیادی اصول طے کر دیں تاکہ محکمہ انصاف ہر قانون کو ان اصولوں پر پرکھ کر قوانین تشکیل دے سکے"۔

جیم: "میری رائے میں یہ ایک بہت مناسب بات ہے، میں اتفاق کرتی ہوں"۔

ب:"کیا آپ ان اصولوں کی وضاحت کریں گے جو آپ کے ذہن میں ہیں؟"

د: "ذرا ٹھہریے۔ کیا یہ بہتر نہیں ہوگا کہ ہم پہلے کسی خاص قانون کی پڑتال کر لیں تاکہ یہ اصول مرتب کرنے میں آسانی ہو سکے؟"

الف:"ہاں یہ اچھی تجویز ہے۔ چلیے دہشت گردی کے قوانین سے شروعات کرتے ہیں، ان کے تحت پولیس شورش زدہ علاقوں میں ایک رسمی تنبیہ کے بعد ان افراد پر گولیاں چلا سکتی ہے، چاہے اس سے موت ہی کیوں نہ واقع ہو جائے، جو امن و امان کو نقصان پہنچا رہے ہوں"۔

د:"تو اس قانون میں کیا خرابی ہے؟ شورش زدہ علاقوں میں دہشت گردوں پر گولیاں ہی چلائی جاتی ہیں، ان میں مٹھائی تقسیم نہیں کی جاتی!" د نے تمسخرانہ لہجے میں کہا۔

الف: "تم نے درست کہا برخوردار مگر کیا تم پسند کرو گے کہ یہ قانون تم پر بھی ایسے ہی استعمال کیا جائے جیسا کہ لکھا ہے؟"

د: "کیا مطلب؟"(اس مرتبہ دکا لہجہ تیکھا تھا)۔

الف:"مطلب صاف ہے۔ اگر شورش زدہ علاقے میں پولیس تمہیں دہشت گرد سمجھ کر گولی چلا دے جس سے تمہاری زندگی ختم ہو جانے کا اندیشہ پیدا ہو جائے تو کیا اُس صورت میں بھی تم پولیس کو یہ اختیار دینا چاہو گے؟"

ب: "آپ کہنا کیا چاہ رہے ہیں۔ کوئی د کو دہشت گرد سمجھ کر گولی کیوں چلائے گا۔ یہ قانون تو صرف دہشت گردوں کے لئے ہے!"

الف :"یہی اصول طے کرنے کے لئے تو ہم یہاں جمع ہوئے ہیں۔ دراصل ہم سب ایک بہت بڑی غلط فہمی کا شکار ہیں"!

د:"کس قسم کی غلط فہمی؟" (د کا لہجہ اب بھی اکھڑا ہواتھا)۔

الف:"بتاتا ہوں(مسکراتے ہوئے سامنے پڑی ہوئی فائل کھولتا ہے) جب تک ہم اس غلط فہمی سے باہر نہیں نکلیں گے، اس وقت تک کوئی قانون نہیں بنا سکیں گے"۔

کمرے میں چند لمحوں کے لئے خاموشی چھا جاتی ہے۔ (جاری ہے)

About Yasir Pirzada

Muhammad Yasir Pirzada, is a Pakistani writer and columnist based in Lahore. He is the son of famous Urdu writer Ata ul Haq Qasmi. His weekly column "Zara Hat Kay" in Daily Jang, Pakistan’s most widely circulated Urdu daily and his fortnightly column with the name "Off the beaten track" in The News, a leading English daily, addresses issues of an ordinary citizen in humorous style.

Yasir did his graduation from Government College, Lahore and then joined The Nation, an English daily. He later acquired post-graduate degree in Political Science from University of the Punjab and then joined Civil Services of Pakistan.

While doing his Masters from University of the Punjab, Yasir wrote some columns in daily Nawa-i-Waqt with the name of "Zara Hat Key". However, since November 2006, Yasir has been writing regular weekly column in Daily Jang; and since October 2009 a fortnightly column in the YOU Magazine of daily The News.

Check Also

Pakistan Par Mumkina Dehshat Gardi Ke Saye

By Qasim Imran