Tuesday, 26 November 2024
  1. Home/
  2. Zubair Rehman/
  3. Darakht Lagao, Aloodgi Mitao (2)

Darakht Lagao, Aloodgi Mitao (2)

آج سے ہزاروں برس قبل شہروں کا وجود نہیں تھا، ساری دنیا جنگل تھی۔ ہمارے آباؤاجداد معصوم انسان تھے، مگر اچھی بات یہ تھی کہ ملکر شکارکرتے، ملکر مچھلی پکڑتے اورملکر پھل توڑتے اور پھر ملکر بانٹ لیتے۔ کینسر ہیپا ٹائیٹس، چیچک اور دیگر مہلک بیماریوں کا وجود نہیں تھا۔

آج اس مہذب اور ترقی یافتہ سماج میں روزانہ صرف بھوک سے 75ہزار انسان جان سے جاتے ہیں اورچند لوگ دنیا کی تمام نعمتوں سے لطف اندوز ہو رہے ہیں۔ آج بھی ساڑھے سات ارب کی آبادی میں ساڑھے چارکروڑ لوگ ننگ دھڑنگ حیثیت میں رہتے ہیں، لیکن وہ امراض قلب، ایڈز، امراض گردہ اور امراض تنفس سے محفوظ ہیں۔ ان کے سماج میں سب سے برا کام یا یوں کہہ لیں کہ جرم ہے کہ کوئی کسی کی مدد کرنے سے انکارکر دے۔

آلودگی کی متعدد وجوہات میں سے صنعتی، معدنیاتی، پلاسٹک، کچروں، انسان اورجانوروں کے فضلوں، فضا میں کاربن کی بھرمار، آکسیجن کی کمی، برف کی چوٹیوں کا پگھلنا، سمندرکی سطح زمین کی جانب بڑھنا، عالمی طور پہ حرارت میں اضافہ، تیزابی بارش، سیلاب اور طوفان وغیرہ شامل ہے۔ سب سے زیادہ آلودگی صنعتی دھوئیں سے پیدا ہورہی ہے، اوزون میں سوراخ ہوتا جا رہا ہے جو انتہائی بھیانک اور انسا نی زندگی کے لیے ہیبت ناک ہے۔

اس میں سب سے زیادہ صنعتی آلودگی ریاست ہائے متحدہ امریکا پیدا کررہا ہے۔ دوسری آلودگی ایٹمی ہے۔ بھارت، بھوپال اور روس میں چرنوول میں ایٹمی پلانٹ میں لیکیج کی وجہ سے کتنی جانیں ضایع ہوئیں، ہیروشیما، ناگا ساکی اور ویتنام میں آج بھی اپنے عضو سے مفلوج بچے پیدا ہو رہے ہیں۔ اس وقت امریکا، روس، چین، اسرائیل، برطانیہ، فرانس، پاکستان اور ہندوستان ہزاروں ایٹم بم لیے بیٹھے ہیں۔ صرف امریکا اور روس کے پاس ہزاروں ایٹمی وارہیڈز موجود ہیں۔

جس سے اس کرہ ارض کو سیکڑوں بار تباہ کیا جاسکتا ہے۔ صرف دو عالمی جنگوں میں پانچ کروڑ انسان جان سے جاتے رہے۔ کروڑوں ہیکٹر زمین پیداوار سے بانجھ ہو گئیں۔ کروڑوں انسان غذائی قلت سے تڑپ تڑپ کر اور بلک بلک کر مرگئے۔ یہ ہے جدید سائنسی ترقی اور تیکنیکی ترقی کے ثمرات۔ ویتنام، کمبوڈیا، لاؤس، کوریا، جنوبی افریقہ، انگولا، زمباوے، نومیبیا، موزمبیق اور انڈونیشیا میں عالمی سامراج نے کروڑوں انسانوں کو قتل کرتے ہوئے عالمی ماحولیات کی تباہی میں بے حد اضافہ کیا اورآج شام، عراق، یمن، کشمیر اور افغانستان میں تباہی مچائی ہوئی ہے۔

اس لیے آلودگی کو روکنے کے لیے سب سے پہلے اسلحے کی پیداوار پر پابندی لگنی چاہیے۔ معدنیات، گیس اورکوئلہ کو پگھلانے، ہیت کو تبدیل کرنے اورکوئلہ کی توانائی حاصل کر نے کے لیے کاربن سے فضا آلودہ ہوتی ہے۔ افریقہ، ایشیا اور لاطینی امریکا جو معدنیات کی ہیت کو نہ بدلنے سے متعدد مہلک بیماریوں سے محفوظ تھا وہ آج نہ صرف غیر محفوظ ہے بلکہ بیماریوں اور قحط کا شکارہے۔ اس طوفان بد تمیزی میں بھوٹان کی فضاکاربن سے پاک ہے، جب کہ چین میں کوئلے کے کاربن سے تیزابی بارش ہوتی ہے۔ اس وقت دنیا میں سب سے زیادہ پلاسٹک کی آلودگی چین اور پاکستان میں ہے جب کہ پلاسٹک کی آلودگی سب سے کم ہالینڈ اورہندوستان میں ہے۔

ہالینڈ نے کاربن سے پاک آلودگی کا اعلان کر دیا ہے اورہندوستان 2022 میں اعلان کرے گا۔ ہر سال ایک بلین میٹرک ٹن پلاسٹک سمندر میںجاگرتا ہے اور ہر روز اس میں دس ہزار ٹن کا اضافہ ہورہا ہے۔ دسیوں ہزار سال بعد پلاسٹک تحلیل ہوتا ہے وہ بھی ذرات کی شکل میں مچھلیوں کے پیٹ میں چلاجاتا ہے اور پھر انسان مچھلیوں کوکھا کر خود بیمار ہو جاتا ہے۔ ایک انسان کے لیے سات درختوں کی آکسیجن کی ضرورت ہوتی ہے اور دنیا میں سب سے زیادہ آکسیجن نیم کے درخت چھوڑا کرتے ہیں اور ناریل کے پتے فضا کی آلودگی کو جذب کرتے ہیں۔ اقوام متحدہ کا فیصلہ ہے کہ ہر ملک میں اپنے رقبے کے لحاظ سے کم ازکم 25 فیصد جنگلات ہونا لازمی ہے۔

سو رینام میں 97 فیصد، برازیل میں 90 فیصد، مڈا گاسکر میں 60 فیصد، کوریا میں 69 فیصد، امریکا میں 40 فیصد، ہندوستان میں 20 فیصد، بنگلہ دیش میں 16فیصد، یورپ اور لا طینی امریکا کے بیشتر ملکوں میں 33فیصد سے زیادہ یہاں تک کہ جنوبی اور مشرقی افریقہ میں 22سے 34 فیصد جنگلات ہیں جب کہ پا کستان میں صرف 2.5فیصد جنگلات ہیں۔

اس سال کراچی میں مویشی منڈی میں منڈی کو سجانے کی خاطر 450 نیم کے درخت کاٹے گئے۔ روسو نے درست کہا تھا " کہ دنیا کو جنگل سے بھردو کوئی بیمار ہوگا اور نہ کوئی بھوکا مرے گا " وہ تو اجناس کی پیداوارکے بھی خلاف تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ جب دنیا جنگلات سے بھردیے جائیں گے تو دریاؤں میں مچھلیوں کی بھرمار ہوگی، ہر سو پرندے نظر آئیں گے۔

جانوروں سے جنگل بھرا ہوا ہوگا۔ علاج معالجے کے لیے جنگلات کی جڑی بوٹیوں سے جنگلات لدے ہونگے۔ نہ شفاف پانی کی کمی ہوگی، ملاوٹ سے پاک غذا، نہ کیمیکل کھاد اور نہ پیسٹی سائیڈ اور نہ تیزابی بارش اورکاربن کی آلودگی بھی نہیں ہوگی۔ ہوائی جہاز اور ریل گاڑیوں کے دھوؤں سے دنیا کی فضا آلودگی سے پاک ہوجائے گی پھر ہر جگہ شفاف آکسیجن ملے گی۔ تھرڈ ورلڈ میں توکچروں، سیوریج کے فضلے اورگندے نا لوں کی صفائی، غذائی ملاوٹ، دودھ، تیل اور پانی کی ملاوٹ کو شفاف بنانا ہوگا۔ سب سے پہلے صنعتی آلودگی، کوئلے کی آلودگی اور پلاسٹک کی آلودگی کو تو فوری طور پر روکنا ہوگا ورنہ دنیا تباہی کی جانب جائے گی۔

پاکستان میں ہرگلی، ہر چوک، ہرگھر، ہر سڑک، ہر بس اسٹاپ اور ہر اسٹیشن پر درخت لگانا ہوگا بلکہ جو اپنے گھر پرکم ازکم ایک درخت نہیں لگائے گا خواہ وہ گملے میں ہی کیوں نہ ہو اس پر جرمانہ کیا جائے۔

حکومت سارے بجٹ کو کم کرکے درخت لگانے کے بجٹ میں اضافہ کرے۔ درخت کاٹنے والے کوکم از کم چھ ماہ کی قیدکی سزا دی جائے۔ ماحولیات کو بگاڑنے میں بنیادی کردار عالمی سرمایہ داری کی ہے اس لیے کہ وہ منافع کی ہوس میں دنیا کو تباہ کرنے میں ذرا سی بھی ہچکچاہٹ محسوس نہیں کرتے۔ اس لیے اس سرمایہ داری کی منافع خور سماج کو یکسر انقلاب کے ذریعے بدلنا ہوگا اور وہ بھی انارکوکمیونزم کے سماج کے قیام کے ذریعے۔ مگر سماج کی مکمل تبدیلی سے قبل مندرجہ بالا تجاویز پر اگرعمل کیا جائے تو دنیا کو بچایا جاسکتا ہے ورنہ یہ دنیا بہت جلد جہنم میں بدل جائے گی۔

Check Also

Pakistan Par Mumkina Dehshat Gardi Ke Saye

By Qasim Imran